19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:11
کراچی: ٹول پلازہ پر امریکی سفارتخانے کی گاڑی روک لی گئی
اے آر وائی - کراچی: کراچی میں سپر ہائی وے ٹول پلازہ پر پولیس نے تین گاڑیوں میں سوار مشکوک غیر ملکیوں کو روک لیا تاہم تلاشی اور پوچھ گچھ کے بعد غیر ملکیوں کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے سپر ہائی وے ٹول پلازہ پر دوران چیکنگ تین مشکوک گاڑیوں کو روکا جن میں غیر ملکی سوار تھے۔ ایس پی او منگھو پیر ڈی ایس پی ناصر کے مطابق گاڑی میں سوار ایک خاتون سمیت دو غیر ملکیوں نے اپنی شناخت مس این ڈی آرمڈ اور مسٹر ڈیوڈ روز ول کے ناموں سے کرائی جو امریکی سفارتخانے کے اہلکار تھے۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار خاتون انفارمیشن آفیسر اور مرد امریکی سفارتخانے کا وائس کونسلر تھاجو سپر ہائی وے سے اندرون ملک روانہ ہو رہے تھے۔ تینوں گاڑیوں میں دو ، دو نمبر ڈپلومیٹک نمبر پلیٹیں موجود تھیں جبکہ امریکہ اہلکاروں کے ہمراہ ان کے محافظ بھی تھے۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ این او سی دکھائے جانے کے بعد غیر ملکیوں کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔