19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:14
سندھ کے عوام ایم کیو ایم سے وضاحت چاہتے ہیں،بشیرقریشی
اے آر وائی - حیدرآباد: جئے سندھ قومی محا ذ کے چیئرمین بشیر خان قریشی نے کہا ہے کہ نئے صوبے کے معاملے پر سندھ کے عوام کو ایم کیو ایم سے تحفظات ہیں، جس کی وہ وضاحت چاہتے ہیں۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بشیر خان قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ نہیں ہے کہ اس کے کسی بیان کو سندھ کی سوچ سمجھ کر رد عمل کا اظہار کیا جائے۔ انہوں نے ایم کیو ایم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بلاواسطہ سندھ کی تقسیم اور صوبہ کی بات کس بنا پر کی جارہی ہے۔
کیا یہ ایم کیو ایم کا منشور ہے؟ پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے دیئے گئے بیانات سندھ کے عوام سے محبت کاظہار نہیں بلکہ آئند انتخابات کیلئے سندھ کے عوام کو جذباتی کرکے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنا ہے۔ بشیرقریشی کا کہنا تھا کہ بعض افراد اردو اور سندھی بولنے والوں کو لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔ سندھ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے بات کرسکتے ہیں۔