19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:16
منڈی بہاؤالدین : مردہ گوشت بیچنے والے دو قصاب پکڑے گئے
اے آر وائی - منڈی بہاؤالدین : منڈی بہاؤالدین میں مردہ گوشت فروخت کرنے والے دو قصابوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تیس من سے زائد مردہ گوشت برآمد کر کے اسے نہر میں بہا دیا گیا ۔
منڈی بہاؤ الدین کے علاقے کشمیر کالونی میں ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے کارروائی کی ۔ پولیس جب غیر قانونی مذبحہ خانے پہنچی تو وہاں موجود دو قصاب دیوار پھلانگ کر فرار ہوگئے تاہم انہیں تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا گیا ۔ غیر قانونی مذبحہ خانے میں تیس من سے زائد مردہ جانوروں کا گوشت موجود تھا ،جبکہ ڈیپ فریزر بھی موجود تھے۔
ڈی سی او شہبازنقوی،اسسٹنٹ کمشنر شاہدعمران کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی ملزمان مردہ گوشت لاہور،راوالپنڈی ،اسلام آباد،فیصل آباد ، اورمنڈی بہاؤالدین کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے ۔ بعد میں انتظامیہ نے برآمد شدہ گوشت تلف کرتے ہوئے مقامی نہر میں بہادیا ۔عوام نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں موجود تمام غیر قانونی مذبحہ خانے ختم کیے جائیں۔