19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:22
جنوبی پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ اور گرمی سےدو افراد جاں بحق
اے آر وائی - ملتان: ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ اور گرمی سےدو افراد جاں بحق ، مختلف شہریوں میں واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شہری علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے بیس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید کمی ہوگئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں ڈیرہ غازیخان، وہاڑی ، مظفر گڑھ ، خانیوال ، لودھراں بہاولپور ، میلسی ٹبہ سلطان میں گرمی کے ستائے لوگ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے سخت پریشان ہیں جبکہ میپکو انتظامیہ کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا تاحال کوئی باقاعدہ شیڈول جاری ہی نہیں کیا گیا ہے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث ٹیکسٹائل ملوں نے لیبر کی ایک شفٹ بند کردی ہے جبکہ دیگر شفٹوں سے بھی مزدوروں کو چھانٹی کرکے نکالا جارہا ہے دوسری طرف دیہی علاقوں میں ٹیوب ویل نہ چلنے کی وجہ سے کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے میپکو ریجن میں نوسو میگاواٹ سے زیادہ کا شارٹ فال ہو گیا ہے۔