26 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:29
شرمیلا فاروقی وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر مقرر
اے آر وائی - کراچی : پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر برائے میڈیا مقرر کردیا گیا ہے ۔محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شرمیلا فاروقی کا اسٹیٹس صوبائی وزیر کے برابر ہوگا ۔
شرمیلا فاروقی اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر اطلاعات رہ چکی ہیں انہیں چھ ماہ قبل اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ۔ شرمیلا فاروقی کے مشیر ہونے کے بعد سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیروں کی تعداد چھ ہوگئی اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے سیاسی امور راشد ربانی کو اس عہدے سے ہٹا کر وزیراعلیٰ کا کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور بنایا جائیگا ۔
شرمیلا فاروقی کے مشیر اور وزیر کا درجہ ہونے کے باعث سندھ میں میڈیا کیلئے ایک وزیر اور ایک مشیر اپنے اپنے فرائض انجام دینگے تاہم دونوں کے اختیارات کی تقسیم کا تعین نہیں کیا گیاجس کا قوی امکان ہے کہ دونوں کے درمیان اختیارات سے رسہ کشی کا خدشہ ہے ۔