1 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:32
جماعتوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ قابل ستائش ہے، گورنرسندھ
اے آر وائی - کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی طرف سے شہر کراچی میں کی جانے والی کوششوں سے جس میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطوں کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے وہ قابل ستائش ہے یہ بات گورنر سندھ نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئی کہی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اگر سیاسی و مذھبی جماعتوں کے درمیان رابطوں کا مسلسل سلسلہ رہے تو سازشی عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہاکہ شہر میں امن و امان کے قیام کا معاملہ صرف حکومت کے اکیلے کا ہی نہیں بلکہ اس کے لئے نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ شہر کے ہر اس شخص کو آگے آنا ہوگا جو اپنا ایک حلقہ اثر رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف کراچی ہی نہیں پورا ملک اس سے متاثر ہوتا ہے۔ ملکی اقتصادیات و معیشیت و معاشرت سب پر بدامنی کا اثر پڑتا ہے لہذا شہر میں امن کی کوششوں میں بھی ہر ایک کو اپنا کردار نبانا ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرشرجیل میمن نے گورنر سندھ کو شہر میں قیام امن کی کوششوں کے حوالے سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے اس سلسلے کو جاری رکھنے اور آگے بڑھانے پر زور دیا۔