2 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:55
ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا
اے آر وائی - لاہور: ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا ہے لڑکیاں ایک بار پھر بازی لے گئیں اور پہلی تین پوزیشنوں پر وہ براجمان ہیں۔
الحمرا ہال لاہور میں ایک تقریب کے دوران میٹرک کے رزلٹس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ میٹرک میں دو لاکھ چھ ہزار امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کی شرح 58 فیصد سے زیادہ رہی۔ لاریب فرخ نے 1022 نمبر لے کر پہلی، ثمن حبیب نے 1021 کے ساتھ دوسری، اور تیمور جعفر علی اور ارفا طاہر نے 1020 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس گروپ میں ساڑھے 96 ہزار امیدواروں نے حصہ لیا، ساڑھے 73 ہزار نے کامیابی حاصل کی۔ گروپ میں کامیابی کی شرح تناسب 76 فیصد رہی جبکہ آرٹس گروپ میں ایک لاکھ نو ہزار امیدوار نے حصہ لیا جن میں سے 47 ہزار 297 پاس ہوئے، شرح کامیابی 43 فیصد رہی۔
وزیر تعلیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کےلئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم کے حصول کے اخراجات برداشت کرے گی۔ پنجاب میں 100فیصد شرح خواندگی کا ہدف2015 تک حاصل کرلیا جائے گا۔ وزیر تعلیم پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ تمام کالجوں میں طلبہ و طالبات داخلے کے لئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔