4 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:51
موسیٰ لین:5منزلہ عمارت گرنے سے4افرادجاں بحق
اے آر وائی - کراچی: کراچی کے علاقے موسیٰ لین میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 8 سالہ بچی سمیت ایک ہی خاندان کے دو افراد سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے موسیٰ لین میں پانچ منزلہ بوسیدہ عمارت ”قَصرِ رُقَیہّ“ منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچی سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے فوری بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا اور مقامی انتظامیہ سمیت بڑی تعداد میں امدادی کارکن جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال لائے جانے والے زخمیوں میں زیادہ تعداد عبدالغفار نامی شخص کے خاندان سے ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں آٹھ سالہ عریشہ بنت عبدالغفار اور 22 سالہ بلال ولد عبدالغفار شامل ہیں۔ زخمیوں میں ایک سالہ مسکان بنت عمران، 20 سالہ کومل بنت عبدالغفار، 10 سالہ عربیہ بنت عبدالغفار، عالیہ ریاض، کلثوم یوسف، عمران یوسف، 35 سالہ سمیرہ زوجہ عمران، 20 سالہ عادل ولد عبدالغفار، 48 سالہ پروین زوجہ عبدالغفور، عبدالغفور ولد عبدالرزاق ، تین سالہ شایان الطاف، 55 سالہ امینہ اقبال، 17 سالہ کرن عبدالغفار، 40 سالہ بلقیس الطاف اور 45 سالہ بلقیس زوجہ حنیف شامل ہیں۔ ہسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بعض زخمیوں کو گہرے زخم آئے ہیں جبکہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمیوں کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت دو حصوں پر مشتمل تھی اور عمارت کے ایک حصے میں کم از کم 15 خاندان رہائش پذیر تھے۔
بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے موسیٰ لین میں گرنے والی عمارت کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی، ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرناک عمارات کی رپورٹ کے مطابق عمارت میں طویل عرصے سے سیورج کا نظام انتہائی خراب حالت میں تھا، پانی کے مسلسل رساؤ کے سبب عمارت کے اندرونی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچتا رہا، جس کی وجہ سے عمارت زمین بوس ہوئی۔ ٹیکنیکل کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق گرنے والی عمارت کے پڑوس والی بلڈنگ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جسے خطرناک قرار دیتے ہوئے مکینوں کو فوری خالی کرنے کی ہدیت کی ہے۔