13 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:59
خودمختاری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے،میاں افتخار
اے آر وائی - پشاور: خیبر پختونخواکے وزیر اطلاعات و بین الصوبائی رابطہ اور اٹھارویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد کے لئے صوبائی سطح پر قائم اور سائیٹ کمیٹی کے چیئرمین میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہمارے اکابرین کی جانب سے صوبائی خود مختاری کے مطالبے کا اہم مقصد عام آدمی کی حالت زار بہتر کرنا تھا جو بفضل تعالیٰ اے این پی کے قائد اسفند یار ولی خان کی قیادت میں پوراہوا۔انہوں نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ اس کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں یو این ڈی پی کے اٹھارویں ترمیم کے انالسٹ فرخ مریانی سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر اٹھارویں آینی ترمیم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے ہم نے آج تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مرکزی سطح پر اٹھارویں آئینی ترمیم پر عمل درآمدکے لئے قائم کمیشن میں خیبر پختونخواکے رکن سینیٹر افراسیاب خٹک خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ اس کے بعد تمام محکموں کا علیحدہ علیحدہ اجلاس بھی بلایا جائے گا تاکہ اس سلسلے میں پائے جانے والے انفرادی مسائل کا بھی جائزہ لے کر ان کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کریں۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام محکموں کے قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا ہے اور ضروری ترمیمات بھی تجویز کی گئی ہیں۔