13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:0
کراچی میں غیر قانونی اسلحہ موجو د ہے ، قائم علی شاہ
اے آر وائی - کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر بالخصوص کراچی میں بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ موجو د ہے ، جس کی برآمدگی پولیس کو کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبےکو اسلحے سے پاک کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام اسلحہ لائسنسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائیگا۔
انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے تجاویز طلب کی جائیں، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ سال دوہزار ایک سے آٹھ کے عرصے کے دوران ڈیڑھ لاکھ اسلحہ کے لائسنس جاری کئے گئے ، روزانہ اوسطاً بیس کی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ پکڑا جارہا ہے جعلی لائسنسوں کی اسکروٹنی کے لئے صوبائی محکمہ داخلہ نے 1.75 کروڑ روپے کی لاگت سے کمپیوٹرائزڈ سسٹم شروع کردیا ہے۔