23 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:19
کراچی: شہر میں موت کا رقص جاری، مزید6 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی: کراچی میں موت کا رقص جاری۔ پولیس اور رینجرز امن قائم کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئیں۔ شہر میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں مزید چھ افراد جاں بحق ہوگئے. وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں دہشت گرد کارروائیوں میں مصروف نظر آئے۔ ملیر میں نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے فیصل نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ پاک کالونی کے مختلف علاقوں سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
ادھر بن قاسم کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شخص کی لاش ملی ہے، جس کو فائرنگ کرکے جاں بحق کیا گیا۔ جہان آباد میں فائرنگ سے نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جبکہ قصبہ کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔