28 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:29
لیاری میں آپریشن ، مکینوں کا احتجاج
اے آر وائی - کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کے آپریشن میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے ، دوسری جانب لی مارکیٹ کے رہائشیوں نے آپریشن کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صبح چھ بجے لی مارکیٹ ، کالا کوٹ ، کھارادر ، بغدادی اور لیاری کے دیگر علاقوں میں رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور داخلی، خارجی راستے بند کر کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ، اس دوران متعدد افرادکی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی تاہم رینجرز کی جانب سے ان کی تعداد نہیں بتائی گئی ۔ آخری اطلاعات تک آپریشن جاری ہے اور رینجرز کا اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ بھی علاقے میں پہنچ گیا ہے ۔
دوسری جانب لی مارکیٹ کے مکینوں نے آپریشن کے خلاف شدید احتجاج کیا ، احتجاج کرنے والوں میں بڑی تعداد خواتین کی تھی جن کا کہنا تھا کہ آپریشن کرنا ہے تو پورے شہر میں کیا جائے صرف لیاری میں نہیں ، اس کے علاوہ خواتین کا موقف ہے کہ رینجرز اہلکار یہاں سے ان کے بے گناہ بچوں کو گرفتار کر کے لے جاتے ہیں ۔