29 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:24
اپاہج اور محتاج لوگ بھی معاشرے کا حصہ ہیں ،قائم علی شاہ
اے آر وائی - کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ معذور، اپاہج اور محتاج لوگ بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں جبکہ یہ ہم سب کی اخلاقی، دینی اور معاشرتی ذمیداری ہے کہ ان معذور افراد کی بہتری اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ یہ بات انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں معذور نوجوانوں میں خصوصی موٹرسائیکلیں تقسیم کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معذور افراد کی بحالی، انہیں معاشرے میں ان کا صحیح مقام دلانے اور بیروزگار معذور نوجوانوں کو روزگار و سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹا کاتنا سب بڑھادیا گیاہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں معذور و محتاج افراد کی بہبود کیلئے علیحدہ محکمہ بھی قائم کیا ہے تاکہ ان کی تربیت خصوصی تعلیم کی ترویج اور کفالت کا انتظام احسن طریقے سے ہو سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر دومعذور نوجوانوں بھان سید آباد میں زیر تعلیم(انٹرکلاس)عرفان ملاح اور کراچی کے پٹھان خان کو خصوصی طور پر بنائی گئی موٹرسائیکلیں بطور گفٹ تقسیم کیں۔ دونوجوان معذوروں میں موٹرسائیکلیں دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے پر ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے سیاسی کو آرڈینیٹر صدیق ابو بھائی، معاون خصوصی وقار مہدی، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری علم الدین بلو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔