31 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:9
سندھ کابینہ میں تبدیلی کاسنا ہے لیکن پتا نہیں،آغا سراج درانی
اے آر وائی - صوبائی وزیر بلدیات سندھ آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی کا سنا ضرور ہے لیکن پتا نہیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سینئر ہیں قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی قبول ہوگا ۔ گڑھی خدا بخش بھٹو میں صوبائی وزیر قانون محمد ایاز سومرو کے ہمراہ عید کی نماز اداکی اورذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مزار ات پر حاضری دی ۔
آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مفاہمتی پالیسی جاری ہے ہم اسمبلی کے اندر اور باہر موجود قوتوں سے رابطوں میں ہیں تاکہ امن وامان سمیت دیگر معاملات بہتر ہوسکیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ کابینہ پر واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امید ہے ایم کیوایم جلد کابینہ میں شامل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کافی بہتر ہوچکے ہیں کئی ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے ہیں مزید گرفتاریوں کے لئے بھی کارروائیاں جاری ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیرقانون کا کہنا تھا کہ رحمان ملک کے خلاف ایسی کوئی بھی بات سامنے نہیں آئی جو الزامات ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کی جانب سے لگائے گئے ہیں ہمیں پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد ہے وہ جو فیصلے کررہی ہے صحیح ہے جسے قبول کرینگے ۔