4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:54
سندھ میں چینی زبان کی تدریس و تعلیم کو فروغ دینے کا فیصلہ
اے آر وائی - حکومت سندھ نے سال دو ہزار تیرہ کے تعلیمی سال سے صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کلاس سے چینی زبان کی تدریسی امورتعلیم کو لازمی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوس میں محکمہ تعلیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق ، صدر پاکستان کے سیکریٹری سلمان فاروقی ، سیکریٹری تعلیم سندھ محمد صدیق میمن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کی تعلیمی سرگرمیوں ، بین الاقوامی زبانوں کی ترویج اور تحصیل علم کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سال دو ہزار تیرہ کے تعلیمی سال سے صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کلاس سے چینی زبان کی تدریسی امورتعلیم کو لازمی نافذ کیاجائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چین پڑوسی اور دوست ملک ہے جس سے پاکستان کے تجارتی اور صنعتی تعلقات سے روز بروز اضافہ ہورہا ہے جبکہ چینی زبان کی لازمی طور پر تدریس و تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیڈٹ کالج پٹارو میں بھی چھٹی کلاس سے چینی زبان کامضمون لازمی طور پر پڑھایا جائے گا۔اجلاس میں دیگر کئی اسکیموں پر بھی غور کیا گیا۔