7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:36
ایبٹ آباد: ویگن کھائی میں جاگری چار افراد جاں بحق سترہ زخمی
اے آر وائی - ایبٹ آباد بگنوتر کے قریب سیاحوں کی ویگن ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور سترہ زخمی ہوئے۔
ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بگنو تر کے قریب بٹنگی کے مقا م پر نتھیا گلی سے ایبٹ آباد آنے والی سیاحوں کی ویگن ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ سترہ زخمی ہوئے ،زخمیوں کومقامی افراد اور پولیس نے ایوب میڈیکل کمپلکس اور بے نظیر شہید ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا،جہاں ڈاکٹروں کیمطابق دو زخمیوں کی حالت تشو یشناک بتائی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ویگن کا ڈرائیور دو خواتین اور بچے شامل ہیں، بے نظیر ہسپتال ایبٹ آباد میں زخمیوں کیلئے کوئی خصوصی طبی سہو لیات فراہم نہیں کی گئیں اور ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر قاسم زخمیوں کو دیکھتے ہی گھر روانہ ہوگے ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفیر نے مو قع پر پہنچ کر زخمیوں کی طبی سہو لیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔