7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:27
ڈینگی میں اضافہ، لاہور ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کرلی
اے آر وائی - لاہور ہائیکورٹ نے ڈینگی کے مرض کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈی سی او لاہور سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ۔
درخواست کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجازاحمد چوہدری نے کی درخواست گزار نوشاب ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات نہ کرنے سے یہ مرض وباء کی شکل اختیار کرگیا ہے اور ہزاروں افراد اس مرض میں مبتلاہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے اموات واقع ہورہی ہیں ۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ڈینگی کے لئے کیا جانے والا اسپرے بھی ناقص معیار کا ہے جس کی وجہ سے مرض ختم ہونے کی بجائے بڑھ رہا ہے۔ عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کرنے کے بعد سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈی سی او لاہور سے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔