10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:51
فیصل آباد: کچی آبادی کے خلاف آپریشن، متعدد گھر گرا دیئے
اے آر وائی - فیصل آباد۔ ضلعی اور ریلوے انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کینال روڈ پر جھال پُل سے ملحقہ کچی آبادی کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے متعدد گھر گرا دیے ، متاثرین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر کینال روڈ بند کر دی جبکہ تجازوات گرانے والے عملے اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ان مکینوں نے ریلوے کوارٹرز کے آگے کی جگہ غیر قانونی طور پر اپنے گھروں میں شامل کر لی تھی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں کسی قسم کو نوٹس نہیں دیا گیا اور اچانک آپریشن شروع کر دیا گیا۔
مکینوں نے الزام عائد کیا کہ اچانک گھر گرائے جانے سے گھروں کے اندر بعض خواتین زخمی بھی ہو ئی ہیں ۔واضح رہے کہ انتظامیہ نے 250 کے قریب گھر مسمار کرنے کی پلاننگ کی ہے جبکہ ایف ڈی اے کی طرف سے دو بار اس کچی آبادی کا سروے ہو چکا ہے۔