10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:0
بدین بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے تا حال جاری
اے آر وائی - بدین میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔زمینی رابطے منقطع۔امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا، ضلع بدین میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے سیم نالوں میں پڑنے والے شگافوں کے باعث پہلے سے زیر آب آنے والے حلقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔
پانی میں ڈوبے ہوئے دیہاتوں کے کٹ جانے والے زمینی راستے تاحال بحال نہ ہوسکے۔ جس کے باعث متاثرہ علاقوں پنگریو، ملکانی شریف، خیرپورگمبو ، میں امدادی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہے۔ متاثرہ علاقوں سے جان بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والے ہزاروں متاثرین خوراک کے علاوہ خیموں اور پینے کے صاف پانی کے منتظر ہیں۔
پاک فوج ، رینجرز اور نیوی کی جانب سے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عمرکوٹ ضلع میں حالیہ بارشوں کے باعث لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی زیرآب آنے کے علاوہ سیکڑوں گاؤں زیرآب آگئے ہیں ۔ ایک سماجی تنظیم کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق ضلع میں دولاکھ پچاس ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
بے گھر ہونے والے افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت سرکاری عمارتوں اور تھر کے صحرائی علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے جہاں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے حکومت کی جانب سے کسی قسم کی مدد نہیں کی جارہی ہے۔ دوسری جانب مختلف نہروں کینالوں میں شگاف پڑنے سے مزید درجنوں گاؤں زیر آب آگئے ہیں ۔ کنری کے قریب سیلابی اور بارشوں کے پانی میں ڈوب کر تین افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں دس گھنٹوں کے بعد پانی سے ملی ہیں۔ جبکہ نبی شر اورتالہی یونین کاونسلوں میں بیس ہزار سے زائد افراد ابھی تک بارش اور سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
تیز بارشوں کے باعث ٹنڈو محمد خان کے علاقے سونپاری میں ڈرینج کا جمع پانی خطرناک حد تک پہنچ گیا پورے شہر کا جمع پانی اب گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین شہر کی مین شاہراہوں پر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ دیہاتوں میں بھی سیم نالوں میں طغیاتی خطرناک حدتک پہنچ گئی ہے۔
ریلیف کیمپوں میں موجود متاثرین کو سترہ دنوں سے امداد فراہم نہیں کی جاسکی جبکہ دوبارہ بارشوں کے سلسلے سے متاثرین کیلئے مزید مشکلات پیدا ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے بارش کے دوران ہلاک ہونیو الے لواحقین کو ایک ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔