15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:3
لاہور:فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کارکن ہلاک
اے آر وائی - بری گیٹ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی کے سینئیر کارکن اورانجمن تاجران اندون شہرلاہور بورڈ کے صدر ستر سالہ حاجی چوہدری کرم الہی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کو سیاسی رنجش پر قتل کیا گیا ہے یا کسی اور وجہ سے تاہم پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتول چوہدری کرم الہی اپنی دکان سے اٹھ کر دہلی دروازے دوست کو لینے گئے تو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ، انہیں زخمی حالت میں میو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ مقتول کے قتل کی اطلاع پر پورااحتجاجا بازار بند ہوگیا اور سیاسی کارکن مقتول کے لواحقین سے تعزیت کرنے گھر پہنچ گئے۔
مقتول کے چچا کا کہنا ہے کہ قتل کسی سیاسی رنجش کی بناءپر کیا گیا جبکہ پولیس کا کہناہے کہ نا معلوم افرادکے خلاف پرچہ درج کرلیا گیا ہے اورانہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔مقتول سات بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا۔