29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:30
ڈینگی مریضوں کوعلاج کی بہترسہولتیں فراہم کررہے ہیں،شہباز
اے آر وائی - وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے عوامی نمائندے، بیوروکریٹس اور ماہرین سوشل ورکر کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔
لاہورمیں انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جارہا ہے اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ شہر کے تمام اسپتالوں میں صفائی کو یقینی بنایا جائے اور ان میں موجود جنریٹرز کو درست حالت میں رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اتفاق اسپتال کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے مریضوں کے لئے بستروں کی تعداد 60 سے 90 کردیں۔ اجلاس میں شریک عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈینگی کے خاتمے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ایوان صنعت وتجارت لاہور کے سبکدوش ہونے والے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے گھر تعمیر کرنے کے لئے ایک کروڑ دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وفد کی جانب سے ڈینگی مریضوں کے خون ٹیسٹ کے لئے 8 اینالائزر مشینیں بھی عطیہ کی گئیں۔