11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 11:22
سندھ اسمبلی:ارباب رحیم کوقائد حزب اختلاف بنانےکیلئے درخواست
اے آر وائی - سندھ اسمبلی میں ارباب غلام رحیم کو قائد حزب اختلاف بنانے کیلئے درخواست دی گئی ہے۔ یہ درخواست مسلم لیگ ہم خیال گروپ کے چار ایم پی ایز نے دی ہے۔ جن میں رزاق راہموں،ارباب ذوالفقار ، چیتن مل اور ارباب غلام رحیم خود شامل ہیں۔
اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ ہم خیال کے علاوہ تمام جماعتیں حکومت کا حصہ بن چکی ہیں لہذا مسلم لیگ ہم خیال کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی رہنما ارباب غلام رحیم کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو کو قائد حزب اختلاف کا فیصلہ پندرہ دن میں کرنا ہے۔
واضح رہے کہ قائد حزب اختلاف جام مدد علی صوبائی کابینہ میں شامل ہوگئے تھے، سندھ اسمبلی کا اجلاس بیس اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے امکان ہے کہ اجلاس سے قبل قائد حزب اختلاف کا فیصلہ ہوجائے گا۔