12 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 15:51
کراچی : چار ٹارگٹ کلرز گرفتار، اسلحہ برآمد
اے آر وائی - کراچی میں پولیس نے چارٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔
کلفٹن پولیس نے زم زمہ سے فیصل انصاری اور دانیال حسین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول، ایک رائیفل ، ایک ایس ایم جی برآمد کرلی ، پولیس کے مطابق ملزم فیصل انصاری نے تفتیش میں چار افراد کو قتل جبکہ دانیال حسین نے 26 افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور ملزمان سے بھی مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
سی آئی ڈی پولیس نے پیرآباد کے علاقے سے دو ملزمان عبید عرف برسٹی جبکہ طارق عرف عارف برگر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور چالیس افراد کے قتل میں ملوث ہیں ۔ دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق دو نوں گرفتار ملزمان اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان پر قاتلانہ حملے میں ملوث ہیں۔