25 نومبر 2011
وقت اشاعت: 7:10
کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی،جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ
اے آر وائی - کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی اور شہر کے بیشتر مقامات پر اسنیپ چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔ موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی آج صبح دس بجے سے نافذ العمل ہوگئی۔
علاوہ ازیں کراچی میں جوئے کے اڈے سمیت مختلف علاقوں میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہا، جس میں درجنوں افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں پٹیل پاڑہ ،سائٹ ،اورنگی ٹاوٴن میں پٹھان کالونی اورناظم آباد میں رضویہ تھانے کی حدود کے علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
اورنگی ٹاوٴن کے علاقے پٹھان کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ناظم آباد میں رضویہ تھانے کی حدود میں مشہور جوئے کے اڈے کا محاصرہ کیا اور علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق جوئے کے اڈے سے 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ وہاں موجود دس سے زائد موٹر سائیکلیں اور جوئے کے اڈے کا سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔