28 نومبر 2011
وقت اشاعت: 15:42
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانی قوانین میں تبدیلیاں
اے آر وائی - وفاقی وزیر برائے پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ ریاض حسین پیر زادہ نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانی قوانین میں تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریاض حسین پیر زادہ نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اب نویں اور گیارہویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحانات بھی لئے جائیں گے جن سے فیل شدہ مضامین کا امتحان دے کر قیمتی سال ضائع ہونے سے بچ سکے گا جبکہ فیل شدہ مضامین کو سپلیمنٹری میں پاس کرنے کے مواقع دو مرتبہ سے بڑھا کر دس کر دئیے گئے ہیں ، نئی پالیسی کے مطابق امتحان پاس کرنے کے بعد امیدوار کسی بھی دو اضافی مضامین میں پانچ سال تک امتحان دینے کا اہل ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے ان طلبہ و طالبات کو فائدہ پہنچے گا جو بہت اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتے تھے اور پرانے امتحانی قوانین کی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ جاتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال امتحانات غفلت اور لا قانونیت کا شکار ہوئے تاہم آئندہ ان غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا۔