1 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:3
سی این جی اسٹیشنز کی بندش،عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
اے آر وائی - سندھ میں آج دوسرے روز بھی سی این جی اسٹیشنز بند ہیں جس سے عوام اور طلبہ کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ سندھ میں سی این جی اسٹیشنز منگل کی رات گیارہ بجے بند کئے گئے تھے جو آج رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔
سی این جی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ خاص طور پر پبلک ٹرانسپورٹ اور وین سے جانے والے طلبہ و طالبات کو پریشانی کا سامنا ہے۔ والدین بچوں کو اسکول لے جانے اور واپس لانے کا انتظام خود کرنے پر مجبور ہیں۔ سی این جی نہ ملنے سے ایمبولینس سروس بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق70 فیصد سے زائد ایمبولنسیں کھڑی ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب روزگار اور دیگر کاموں کے لئے گھر سے نکلنے والے افراد گھنٹوں بس اسٹاپ پر کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہناہے کہ سڑکوں پر بسیں اور کوچز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اگر کوئی بس آبھی جاتی ہے تو اس میں اتنے مسافر ہوتے ہیں کہ پاوٴں تک رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر کا کہنا ہے کہ کئی بسیں ڈیزل سے سی این جی پر منتقل ہوگئی ہیں اور اب ان میں ڈیزل نہیں ڈالا جا سکتا۔ لہٰذا مجبوراً گاڑیاں کھڑی کرنی پڑرہی ہیں۔