23 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:19
کراچی میں نئے آرٹ کونسل کے قیام کا اعلان
اے آر وائی - شہر قائد پینل سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے کراچی میں نئے آرٹ کونسل کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں شہر قائد پینل کے صدارتی امیدوارعمر شریف کا کہنا تھا کہ نئے آرٹ کونسل کے قیام کا مقصد حقیقی فنکاروں کو روشناس کرانے کے ساتھ ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ خالد آرائیں، نجم الدین شیخ، سید فرقان حیدر اور سید اظفر رضوی بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹ کونسل انتخابات میں دھاندلی کی گئی بارہ سے پندرہ سال کے بچے ووٹ ڈالتے رہے ۔ آرٹ کونسل کا نظام کرپٹ ہوگیا ہے وہاں چھوٹے فنکاروں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں۔ عمرشریف نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کراچی کے 2012 کے انتخابی نتائج کو ہم تسلیم نہیں کرتے ۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال 2012 کی جنوری میں اس شہر میں ایک نئی آرٹس کونسل قائم کی جائے گی۔ جس میں شہرکراچی کے فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والوں کو ممبر شپ دی جائے گی۔ اظفر رضوی نے کہا کہ آرٹس کونسل میں بے حد کرپشن ہے فرگوسن سے آڈٹ کا مطالبہ کیا گیا تو جنرل کونسل میں اس پر بات نہ کرنے کا کہا گیا آڈٹ نہ کرانے کی منظوری لے لی گئی کوچہ ثقافت کی مد سے 40 لاکھ روپے دوسرے اخراجات پر بلا منظوری خرچ کئے گئے حالانکہ جس مد کیلئے پیسہ دیئے جاتے ہیں اس پر خرچ کرنے کی پابندی ہے۔