13 مارچ 2012
وقت اشاعت: 9:35
طالبعلم کی ہلاکت،انجینئرنگ یونیورسٹی لاہورآج بند رہےگی
اے آر وائی - انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کے طلبہ نے ساتھی کی ہلاکت پر احتجاج وائس چانسلر کے مذاکرات کے بعد ختم کردیا ہے۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق آج جامعہ سوگ میں بند رہے گی۔
اس سے قبل یونیورسٹی آف انجیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ممتاز ہال ہاسٹل کی بوسیدہ دیوار گرنے سے جھنگ سے تعلق رکھنے والا بیس سالہ طالبعلم معید ناصر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک ساتھی طالبعلم زخمی بھی ہوا۔ واقعہ کے بعد ہاسٹل میں قیام پذیر طلباء جی ٹی روڈ پر آ گئے اور دونوں اطراف سے رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک کو ساڑھے چار گھنٹوں تک بلاک کیے رکھا۔
طلبا کا کہنا تھا کہ بارہا انتظامیہ کو ہاسٹل عمارت کی خستہ حالی پر شکایت کی گئے مگر کسی نے توجہ نہ دی گئی ۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے زعیم قادری اور وائس چانسلر یو ای ٹی محمد اکرم خان کے مطابق واقعہ کی انکوائری کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یو ای ٹی میں طلباء کے لیے قائم ایک صدی پرانے ہاسٹلز کی مرمت اور نئی تعمیر کا جلد آغاز نہ ہوا تو اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔