16 مارچ 2012
وقت اشاعت: 15:22
مجھ پرایک ہی کیس کےچارچارمقدمات چلائےجارہے ہیں،خرم رسول
اے آر وائی - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سابق میڈیا کو آرڈینیٹر خرم رسول نے کہا ہے کہ بینک کے ایک ہی کیس کے ان پر چار چار مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی احتساب عدالت میں بینک فراڈ کرپشن ریفرنس کیس میں پیشی کے موقع پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہی۔ خرم رسول کا کہنا تھا کہ حکومتی مخالفین کی ایما پر ان کیخلاف ایک ہی واقعے کے دس دس مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق وہ خود کو تمام مقدمات میں بے گناہ ثابت کریں گے۔ سماعت کے موقع پر میاں خرم رسول کی جانب سے ہائی کورٹ کے سابق جج امجد اقبال قریشی نے اپنا وکالت نامہ پیش کیا۔ امجد اقبال قریشی نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ احتساب عدالت کی جانب سے میاں خرم رسول کو سنائی جانے والی سزا کو جلد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ بعد میں عدالت نے مقدمے کی سماعت اکیس مارچ تک ملتوی کردی۔