16 مارچ 2012
وقت اشاعت: 17:37
لاہور: ناجائز چالان کیخلاف رکشہ ڈرائیوروں کا احتجاج
اے آر وائی - لاہور میں رکشہ ڈرائیورز کی جانب سے بلاوجہ چالان کیے جانے پر سٹی ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ دن میں تیسری بار چالان کیے جانے پر ایک رکشہ ڈرائیور بابو صابو انٹرچینج کے قریب واقع ایک اونچے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اس کو دیکھ کر باقی رکشہ ڈرائیورز نے بھی اسی طرح احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔ رکشہ ڈرائیورز سے مذاکرات کے لیے سٹی ٹریفک آفیسر بھی موقع پر پہنچے مگر مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ وقت گزرنے کے ساتھ احتجاج میں شدت آتی گئی اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی۔ جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔