17 مارچ 2012
وقت اشاعت: 12:32
سرگودھا:اسلم مڈھیانہ کا مزید5 روزہ ریمانڈ جاری
اے آر وائی - سرگودھا میں استاد تشدد کیس میں سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کیخلاف انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مزید پانچ روزہ ریمانڈ دے دیاجبکہ طلبہ نے اپنے استاد کے حق میں عدالت کے باہر مظاہرہ کیا۔
اسلم مڈھیانہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے وقت سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔پولیس نے عدالت میں ملزم کے مزید آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی اورموقف اختیار کیا کہ مقدمے کے چارملزم اشتہاری ہیں جن کی گرفتاری اور اسلحہ کی برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔
اسلم مڈھیانہ کے وکیل امیر عبداللہ روکھڑی کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ٹیچر نفیس خان کے زخم ڈنڈوں سوٹوں کی ضربات کا نتیجہ ہیں نہ کہ فائرنگ کااس لئے اسلم مڈھیانہ کو ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد اسلم مڈھیانہ کو مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد نے عدالت کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ ملزم کو جب عدالت سے لیجایا جارہا تھا توطلبہ نے گاڑی زبردستی روکی اور اسلم مڈھیانہ کیخلاف نعرے بازی کی۔
پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جوابی نعرہ بازی کی تو صورت حال انتہائی کشیدہ ہوگئی تاہم پولیس نے حالات پرقابو پالیا۔