20 مارچ 2012
وقت اشاعت: 16:4
چترال:تودہ گرنےسے6افراد جاں بحق،مری میں طوفان، چھتیں اڑگئیں
اے آر وائی - چترال میں تودہ گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ سکردو میں شدید برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔مری میں طوفان کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔
چترال میں برفانی تودہ گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملبہ ہٹانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سکردو میں برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ اُدھر مری میں رات سے تیز ہوا چل رہی ہے جو کسی وقت طوفان کی شکل اختیارکرلیتی ہیں لیکن بتدریج اب ان میں کمی آرہی ہے۔ طوفانی ہوا کے باعث شہر اور مضافات میں متعدد عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ طوفانی ہوا سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔
مالاکنڈ ہزارہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ کاشت والے علاقوں میں آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب خیبر پختون خوا بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہوئی سب سے زیادہ بارش کاکول میں انہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی علاقے گرد آلود ہواوں کی لپیٹ میں رہے آج سب سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں منفی پانچ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوسط پولن کی مقدار دو ہزار نو سو اٹھانوے فی کیوبک فٹ ریکارڈ کی گئی ۔