1 جون 2012
وقت اشاعت: 18:37
بلوچستان: نادرا ملازمین کی ہڑتال نویں روز بھی جاری
اے آر وائی - کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں نادرا ملازمین کی ہڑتال آج نویں روز بھی جاری ہے۔ نادرا دفاتر بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبے کے گیارہ سو عارضی ملازمین کو مستقل کرنے اور چھ برطرف ملازمین کی بحالی کے لئے ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ میں نادرا ملازمین مرکزی دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ لگاکر کام چھوڑ ہڑتال کر رہے ہیں ۔ زیارت ،پشین ،قلعہ عبداللہ ،ژوب،ہرنائی ، سبی، مستونگ، قلات ،خضدار،خاران ،پنجگور ،گوادر اور صوبے کے دیگر اضلاع میں نادرا دفاتر بدستور آج نویں روز بھی بند رہے جس کی وجہ سے شناختی کارڈ کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
نادرا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ضیاء ساسولی کا کہنا ہے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔