1 جون 2012
وقت اشاعت: 18:41
پنجاب اسمبلی: بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار
اے آر وائی - پنجاب اسمبلی نے متفقہ قرارداد کے ذریعے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبوں میں گیس اور بجلی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور پاک ایران گیس پائپ لائن جلد مکمل کی جائے ۔
اسپیکر رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ،جسے معمول کی کارروائی کو معطل کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے اپوزیشن کی حمایت سے پیش کی۔ نو نکاتی قرارداد میں پنجاب میں جاری لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پنجاب میں ملک کی 60 فیصد صنعتیں ہیں ۔اس کی ضروریات کو پورا کیا جائے ۔ قرارداد میں فیول ایڈجسمنٹ چارجز کے ماہانہ طریقہ نظر ثانی کو بند کرنے اورمحدود پیمانے پر بجلی پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی اور نجی شعبہ میں اس کی خرید و فروخت پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ پن بجلی کے منصوبوں کو مناسب اور فوری فنڈنگ دی جائے تاکہ تیل پر منحصر مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کی جاسکے ۔ اپوزیشن اور سرکاروی بنچوں کی طرف سے متفقہ طور پر منظورکی گئی قرارداد میں پاک ایران گیس پائپ لائن کی جلد تکمیل اور ایل این جی کی درآمد کے منصوبوں پر فوری عمل درآمد کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ گیس کو ترجیحی بنیادوںپر صنعت اوربجلی کی پیداوار کے لیے استعمال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر پیداواری شعبوں کے لیے مذید گیس کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ۔
پنجاب اسمبلی نے وفاقی حکومت سے صوبوں کے توانائی کے منصوبوں کو مناسب گارنٹی اور عمل درآمد کے طریقہ کار کو اسان اور قابل عمل بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں سرکولرسرڈیٹ کے مسلے کا ایک ماہ کے اندا ر دیر پا اور مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ایوان میں گورنر پنجاب کی طرف سے مسترد کئے گئے آٹھ مسودات قانون پر نظر ثانی کرکے دوبارہ منظوری دی ۔ اپوزیشن کی تمام ترامیم کو مسترد کر دیا گیا۔