1 جون 2012
وقت اشاعت: 18:47
سیالکوٹ:زہریلا کھانا کھانے سے 53طالب علموں کی حالت غیر ہوگئی
اے آر وائی - سیالکوٹ میں شہاب پورہ روڈ پر واقع مدرسہ میں زہریلا کھانا کھانے سے دو اساتذہ سمیت 53طالب علموں کی حالت غیر ہوگئی۔ بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کرب و اذیت میں مبتلا ان غریب طالب علموں کا تعلق سیالکوٹ کے ایک دینی مدرسہ سے ہے ۔ان کی یہ حالت زہریلا کھانا کھانے سے ہوئی۔ ایک شادی کی تقریب کا کھانا بچ گیا جسے مدرسہ انتظامیہ کو دے دیا گیا۔ زہریلا کھانا کھانے والے متاثرہ بچے اور ان کے دو استاد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ اسپتال انتطامیہ کے مطابق متاثرین کے خون کے نمونے چیف کیمیکل ایگزامینر کوبجھوا دیئے گئے۔ پولیس اس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔ مدرسہ انتظامیہ نے فوری طور پر زہریلا کھانا دینے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔