1 جون 2012
وقت اشاعت: 18:50
پشاور : ایک اور بچہ انتظامیہ کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا
اے آر وائی - پشاور میں ایک اور بچہ انتظامیہ کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ نالے میں گرنے والا تین سالہ عمر خان فوری ریکسیو نہ ہونے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ پشاور کے علاقے یکہ توت میں ننھا عمر کھیل میں اتنامگن تھا کہ اسے خیال ہی نہ رہا کہ وہ جان لیوا نالے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ پاؤں پھسلا اور وہ نالے میں جا گرا۔ عرصے سے نالے کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بچے کو ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بچے کے دادا نے بتایا انتظامیہ کی غفلت کے باعث نالے کی صفائی طویل عرصے نہیں کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی غفلت تو ایک طرف، ریسکیو ٹیم نے بھی کسر نہ چھوڑی۔ امدادی کارکنوں کے پہنچنے میں تاخیر پر مکینوں نے اپنی مدد آپ ہی بچے کو نکالنے کیلئے کوشش شروع کردی۔ ریسکیو ٹیم ایک گھنٹے تاخیر سے پہنچی، سونے پہ سہاگہ امدادی کارکنوں کے پاس اتنے آلات بھی نہ تھے کہ بچے کو قاتل نالے سے باہر نکالنے میں مددگار ہوں۔ دوگھنٹوں کی کوشش کے بعد بچے کو نکال لیا گیا لیکن اس کی حالت کافی بگڑ چکی تھی۔ بچے کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔