2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:42
بشیرقریشی کی موت کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرانے کا اعلان
اے آر وائی - وزیرداخلہ سندھ منظور وسان نے جسقم رہنما بشیر قریشی کی موت کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی میں جسقم کے سیکرٹری جنرل آصف بالادی نے وزیرداخلہ منظور وسان سے ملاقات کی ۔ جس میں جسقم رہنما کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو میں منظور وسان کا کہناتھا کہ بشیر قریشی کی موت کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بشیر قریشی کو شہید مانتے ہیں لیکن قتل کے بارے میں تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا۔ بشیر قریشی کا خون رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ آج ہی وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرکے تحقیقات شروع کرائی جائیں گی اورڈی این اے ٹیسٹ عالمی اداروں سے کرایا جائے گا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بشیر قریشی کی موت کا کوئی بھی ذمے دار ہوا اس کے خلاف کارروائی کرینگے۔ اس موقع پر آصف بالادی نے کہا انہوں نے بشیر قریشی کے قتل کی تحقیقات برطانیہ یا اقوام متحدہ سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔