2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:42
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارشیں
اے آر وائی - کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ صوبائی دارلحکومت میں دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوئٹہ کے علاوہ زیارت ،مستونگ اور دیگرعلاقوں میں سہ پہر کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ شام تک جاری رہا،مستونگ میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا۔ صوبائی دارلحکومت میں بارش کے باعث نکاسی نالے بھرآنے سے شہر بھر کی سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرتی رہیں جس سے ٹریفک کانظام بھی متاثر رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ،ژوب، قلات اور مکران ڈویژن میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔