2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:43
بلدیاتی انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دے سکتے،آغا سراج درانی
اے آر وائی - سندھ حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں نئے بلدیاتی نظام پر اتحادیوں سے مشاورت، مردم شماری کا نہ ہونا، اور امن وامان کی صورتحال کے باعث بلدیاتی انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دے سکتے۔
پیپلزپارٹی سندھ میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کو بلدیاتی انتخابات کی تاریخ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری دعاہے کہ عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات ہوں اگر بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر یا دسمبر میں کرائے گئے تو عام انتخابات ایک سال کیلئے ملتوی بھی کیے جاسکتے ہیں جس کا آئینی اختیار حکومت کے پاس ہے ۔
آغا سراج درانی نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام پر اتحادیوں سے مشاورت جار ی ہے کوئی ایسا نظام نہیں لانا چاہتے جو کسی کو بھی قابل قبول نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے رات کے اندھیرے میں شرارت کررہے ہیں کوئی بھی اس معاملے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں اگر ملوث ہاتھ بے نقاب ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے ای ایس سی والے انسانیت سے واقف نہیں چند روپوں کی خاطر شہر کا پانی بند کیا گیا ہے۔ ایم ڈی کے ای ایس سی سے ملوں گا اور دو تین طریقوں سے انہیں سمجھاؤں گا امید ہے ان کی سمجھ میں آجائیگی۔