تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:45

لیہ میں چار سالہ لڑکی کو ونی کردیا گیا

اے آر وائی - لیہ میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکے کی 4 سالہ بہن کو پنچائت نے ونی قرار دے دیا متاثرہ شخص کی درخواست پرمقدمہ درج کرلیا گیا، ملزمان گرفتار نہ ہوسکے، متاثرہ شخص نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کی ہے۔



لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن کے علاقہ جھرکل میں پسند کی شادی کرنے کی پاداش میں پنچائیت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کی روشنی میں لڑکے کی چار سالہ بہن کو زبردستی ونی کئے جانے اور بچی کے والد الہٰی بخش کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ پنچایئت نے اپنے فیصلے پر فوری عملدرآمد کروانے کیلئے مقامی نکاح خواں مولوی محمد سعید کو بلا کر چار سال فاطمہ کا شرعی نکاح لڑکی کے چچا زاد نو سالہ شہباز سے کرا دیا۔



چار سالہ فاطمہ کے بھائی محمد محسن نے ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی امام بخش کی بیٹی فرزانہ کو گھر سے بھگا کر پسند کی شادی کی تھی۔ جس پر فرزانہ کے رشتہ داروں اور مقامی بااثر زمیندار احمد علی نے لڑکے کے والد الہٰی بخش کے گھر چالیس مسلح افراد کے ہمراہ پنچائیت منعقد کی۔ پنچائیت کے سربراہ احمد علی نے لڑکی بھگا لے جانے کے جرم میں زبردستی بدلے صلح چار سالہ فاطمہ کا نکاح کرنے اور گھر میں کھڑی گائے کے علاوہ پانچ ہزار روپے نقدی ادا کئے جانے کا فیصلہ صادر کیا۔



فاطمہ کے والد الہٰی بخش کے انکار پر مسلح افراد نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران پنچائتی سربراہ کے حکم پر مقامی نکاح خواں محمد سعید کو بلایا گیا جس نے بچی کا غیر قانونی زبردستی نکاح نو سالہ شہباز سے پڑھایا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.