2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:51
ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیسری قوت ملوث ہے، منظور وسان
اے آر وائی - صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے کہا ہے کہ کراچی میں 132 ٹارگٹ کلرز اور 123 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق کسی نہ کسی طرح سیاسی جماعتوں سے ہے۔ حیدرآباد میں سندھ کے معروف گلوکار ماسٹر منظور کے ورثاء سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ انہیں کافی عرصے سے ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ ہے جس کے علاج کیلئے دو ہفتے قبل ہی انہوں نے درخواست دی تھی تاہم میڈیا نے انہیں ہٹائے جانے کی بلاجواز خبریں نشر کی ہیں اور ایک ماہ بعد وہ بطور وزیر داخلہ ہی واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ فسادات اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیسری قوت ملوث ہے جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور یہ طے پایا گیا ہے کہ ٹارگٹ کلرز کا تعلق خواہ کسی بھی جماعت سے ہو اسے بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتیں 2013ء میں عام انتخابات کرانے کی خواہشمند ہیں جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ عام انتخابات رواں سال میں ہوں اور اگر تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہوں تو رواں سال اکتوبر میں عام انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص ٹولہ سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کررہا ہے، ایسی باتیں 1960ء میں بھی ہوئی تھیں لہٰذا ایسی باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں 58 آئوٹ آف ٹرن پولیس کے پروموشن کئے گئے ہیں اور جن لوگوں کے پروموشن کئے گئے تھے انہیں ان کے اصل عہدوں پر کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے توہین عدالت کیس میں کسی بھی ممکنہ فیصلے سے متعلق سوال پر منظور وسان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہوگا پیپلز پارٹی ہمیشہ سامنا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر منظور سندھ کے عظیم گلوکار تھے جوکہ عوام میں بے حد مقبول تھے، ماسٹر منظور کے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد کو احکامات دیئے ہیں۔