2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:52
لیاری پھر میدان جنگ بن گیا، دستی بم حملے، فائرنگ
اے آر وائی - لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مسلح افرادنے ایف سی کی گاڑیوں پر دستی بم سے حملے کئے اور راکٹ داغے۔ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ متعددمشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ آج ہونے والا میٹرک ریاضی کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
لیاری بنا ایک بار پھر میدان جنگ۔ ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ اور دستی بم کے دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا۔ شرپسند عناصر نے ایف سی کی گاڑیوں پر دستی بم سے حملے کئے اور راکٹ بھی داغے۔ آپریشن صبح پانچ بجے شروع کیاگیا جس میں کمانڈوز سمیت چھ سو سے زائد پولیس اہلکار حصہ لیا۔
بلند عمارتوں پر موچہ زن جدید ہتھیاروں سے لیس ملزمان پولیس پرگولیاں برساتے رہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیاگیا۔ دو بدو مقابلہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کے بعد افشانی گلی، نوا لین اور کلا کوٹ کا علاقہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد سے کلیئر کرالیا۔
چاکیواڑہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ کشیدگی کے باعث مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہوگیا۔ لیاری کے چھ امتحانی مراکز پر میٹرک کا پرچہ پھر ملتوی کردیا گیا۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
میٹرک کے امتحانات میں یہ دوسرا موقع ہے جب ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پرچہ ملتوی کیا گیا۔ اس سے پہلے چودہ اپریل کو ہونے والا پرچہ ملتوی کیا گیا تھا۔