2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:53
آئی جی سندھ مشتاق شاہ نے لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
اے آر وائی - آئی جی سندھ مشتاق شاہ نے لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے امن و امان کی صورتحال کا جائز ہ لیا۔ سی پی او آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ، سنگولین، چیل چوک، آٹھ چوک ، لیمارکیٹ کا دورہ کرکے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میران ناکہ پر جرائم پیشہ عناصر سے مقابلے میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او چاکیواڑہ انسپکٹر ادریس بنگش اور کانسٹیبل وقاص کی عیادت کی جبکہ ان کیلئے سی سی ون سرٹیفکیٹ اور پانچ پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ لیاری سمیت شہر سے جرائم پیشہ عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا، شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انٹیلی جنس معلومات پر متاثرہ علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کررہی ہے ، جبکہ اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔