2 جون 2012
وقت اشاعت: 3:3
جوفیصلے ہورہے ہیں وہ آزاد عدلیہ کے نہیں ہیں ،پیر مظہرالحق
اے آر وائی - سندھ کے سینئر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے دور میں اعلیٰ عدلیہ پرجو حملہ کیا وہ عوام بھولے نہیں ہیں ،جس طرح کے فیصلے ہورہے ہیں وہ آزاد عدلیہ کے نہیں ہیں۔ دادو میں پیرالہی بخش لاء کالج، گرلس ہائی اسکول میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ شاید وہ اب بھی خود کو وزیر اعظم سمجھ رہے ہیں، ان کو اس طرح کی باتیں زیب نہیں دے رہی ہیں وہ بھول رہے ہیں کہ اب وزیر اعظم نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں اندرون سندھ سے کوئی جج مقرر نہیں، وہاں بھی انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں۔ پیر مظہر الحق نے کہا کہ این جی اوز،میڈیا اور دیگر نجی اداروں میں کام کرنے والے محکمہ تعلیم کے 372 گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ ان کے خلاف نیب کو بھی کارروائی کرنے کا تحریر کیا گیا ہے ۔