2 جون 2012
وقت اشاعت: 19:58
سندھ اسمبلی: ٹیچرز ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا بل منظور
اے آر وائی - سندھ اسمبلی میں اساتذہ کو تربیت دینے کیلئے سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا بل ترامیم کے بعد اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اسپیکر نثار کھوڑو کی صدارت ہونے والے اجلاس میں سینئر وزیر برائے تعلیم پیر مظہرالحق نے بل ایوان میں پیش کیا جسے معمولی ترامیم کے بعد منظور کرلیا گیا ۔
بل کے مطابق سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کے چیئرپرسن وزیر تعلیم ہونگے جبکہ بورڈ سولہ ارکان پر مشتمل ہوگا۔ صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے قیام کے بعد سرکاری و نجی اسکولوں کو پابند بنایا جائیگا کہ وہ اس ادارے سے تربیت لئے بغیر ٹیچرزکی بھرتی نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز کے سرٹیفکیٹ مارکیٹ میں بیس سے پچیس ہزار روپے میں فروخت ہورہے ہیں جس کو سامنے رکھتے ہوئے یہ اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
ایوان میں بل پیش کرنے کے بعد وزیر تعلیم کو اس وقت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا جب ان کی اپنی پارٹی کے بعض ارکان، متحدہ قومی موومنٹ اور نیشنل پیپلزپارٹی کے رکن نے بل کے مختلف شقوں پر اعتراض کیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے بورڈ کے ارکان میں سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے تعلیم کے چیئرمین سمیت اسپیکر سندھ اسمبلی کے نامزدکردہ تین ارکان اسمبلی کو بھی بورڈ کے رکن بنانے کی بھی ترامیم کرائی گئی جبکہ بل میں متعدد جگہوں پر اسپیلنگ کی غلطی کی بھی نشاندہی کی گئی جس پر اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم بل میں موجود اسپیلنگ کی غلطیوں کی تصیح کرائیں۔ ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ہے۔