2 جون 2012
وقت اشاعت: 19:59
نوازشریف سندھ میں جہاں جائینگےاس جگہ کوغسل دینگے،شرجیل میمن
اے آر وائی - پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سندھ میں جہاں قدم پڑینگے اس جگہ کو غسل دینگے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ نواز شریف جمہوریت کے خلاف تحریک چلا کر آمریت کے پیروکار ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے علیحدہ علیحدہ بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نواز شریف اتنے ہی جمہوریت پسند ہیں تو انہوں نے مشرف کے خلاف تحریک کیوں نہیں چلائی۔ شازیہ مری نے کہا کہ نواز شریف میں نہ کوئی قائدانہ صلاحتیں ہیں اور نہ دور اندیشی ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہمیں اخلاقیات وہ نہیں سیکھا سکتے جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھایا ، نواز شریف لانگ مارچ کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹیکسلا کے جلسہ میں نواز شریف نے پٹواریوں اور اسکول ٹیچرزکو جمع کیا۔
شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان ہرمشکل وقت کا سامنا کرنا جانتے ہیں بھگوڑے نہیں نواز شریف کے پانچ ہزار کارکنان کی جگہ پانچ لاکھ کارکنوں کو روڈوں پر لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نواز شریف کا کوئی وجود نہیں ہے۔ شریف برادرن کو شامل کرکے پیپلزپارٹی کو گندا نہیں کرنا چاہتے ۔