2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:14
محکمہ بہبودآبادی کےاحتجاجی مظاہرین پرپولیس ٹوٹ پڑی
اے آر وائی - لاہور میں واقع پنجاب سول سیکرٹریٹ تمام دن پولیس اور محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کے مابین میدان جنگ بنا رہا ، پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد درجنوں ملازمین گرفتار بھی کرلیے گئے ۔
پنجاب سول سیکرٹریٹ کے باہر پرامن احتجاج کرنے والے ملازمین کا حکومت سے ایک ہی مطالبہ تھا کہ محکمہ بہبود آبادی کوختم کرنے کی بجائے پینتیس سو ملازمین کو مستقل کیا جائے تاہم صبح سویر سے سیکرٹریٹ کے باہر کھڑے ملازمین کی جب کسی نے نہ سنی تومظاہرین سول سیکرٹریٹ کے دروازے پھلانگ کر سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ پر مجبور ہوگئے۔
حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر مظاہرین نے چیف سیکرٹری کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے خواتین پر شدید لاٹھی چارج کیا جواباً پولیس کو بھی پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا ۔ کمشنر لاہورجواد رفیق کا کہنا تھا کہ ملازمین کا احتجاج بلاوجہ تھا۔ پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے بعد سول سیکرٹریٹ کی ناقص سیکورٹی پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او اسلام پورہ کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔