2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:15
لاہور:رنگ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک
اے آر وائی - لاہور کے رنگ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھجوادی ہیں۔
ایس پی سی آئی اے ملک لیاقت کے مطابق مناواں کے علاقہ میں بغیر نمبر پلیٹ ہنڈا کار میں سوار چار ڈاکو واردات کرنے کے بعد فرار ہو رہے تھے ۔ واردات کی اطلاع پر سی آئی اے سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کردیا رنگ روڈ کے قریب کارسوار ڈاکوؤں نے پولیس کو آتا دیکھ کران پر فائرنگ شروع کردی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے دو ساتھی گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھجوا کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔ ایس پی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاس سے آسلہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد ہوئی ہے تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔