2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:25
نوجوان پر تشدد،پانچ پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج
اے آر وائی - بھلوال میں پولیس تشدد سے نوجوان ہلاک، دو سب انسپکٹروں سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ چند روز قبل بھلوال کے چک نمبر19کمہ والا کے رہائشی رمضان ولد عبدالرحمن کو پولیس تھانہ صدر نے ڈکیتی کے شبہ میں حراست میں لے لیا۔ لواحقین نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں انسانی حقوق کے تحت ناجائز گرفتاری کے خلا ف درخواست گزاری جس کی سماعت 21مئی کو ہونا تھی۔
گزشتہ رات پولیس تفتیش کے دوران تشدد سے اس کی حالت غیر ہوگئی، ورثا کے مطابق پولیس اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھا لے گئی مگر حالت نہ سنبھلنے پر پولیس اسے گھر پھینک گئی جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ورثا نے لاش تھانہ چوک بھلوال میں رکھ کر کئی گھنٹے احتجاج کیا۔
واقعہ کی اطلا ع ملتے ہی ایس پی انسویسٹی گیشن ملک پرویز بندیال موقع پر پہنچ گئے۔ اور ان کے حکم پر دو سب انسپکٹروں سمیت 5 اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تاحال کوئی پولیس اہلکار گرفتار نہیں ہوا۔