2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:33
اے ایس ایف نے برمنگھم جانیوالی پرواز سے منشیات برآمد کرلی
اے آر وائی - ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے برمنگھم جانے والی پی آئی اے کی پرواز سے فلائٹ اسٹیورڈ کے پاس موجود ایک کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی۔
ذرائع کے مطابق ملزم ائرپورٹ کے تمام کاؤنٹرز سے کلیئر قرار دیے جانے کے بعد جہاز میں سوار ہوگیا تھا کہ اے ایس ایف کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر جہاز میں داخل ہوکر عملے کی تلاشی لی تو فلائٹ اسٹیورڈ جاوید کے جوتوں، ٹوپی اور زیر جامہ سے ہیروئین بھرے پیکٹ برآمد ہوئے جن کا مجموعی وزن گیارہ سو گرام تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قومی فضائی ائرلائن کے عملے سے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر منشیات برآمدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔